منگل، 30 اگست، 2022

غائب شخص کی طرف سے رمی کرنے کا حکم

⚖سوال و جواب⚖ 

🕋مسئلہ نمبر 993🕋

(کتاب الحج باب الرمی)

 غائب شخص کی طرف سے رمی کرنے کا حکم 

 سوال: اگر کوئی بوڑھا شخص حج کے ایام میں منی میں غائب ہو جائے تو کیا رمی جمار میں غائب شخص کی طرف سے نیابت درست ہے؟ (محمد ساجد ندوی جالون یو پی)


 بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم 

 الجواب بعون اللہ الوہاب

رمی جمار میں خود سے رمی کرنا ضروری ہے کسی اور سے رمی کرانا درست نہیں ہے الا یہ کہ ایسی مجبوری یا بیماری ہو کہ خود سے رمی نہ کرسکے، ایسی صورت میں کسی کو نائب بنا کر رمی کرائی جاسکتی ہے، مذکورہ بالا صورت میں وہ شخص بیمار یا معذور نہیں ہے؛ بلکہ غائب ہوگیا ہے اور غائب شخص عموماً لوگوں کی بھیڑ کے ساتھ  جمرات تک پہنچ جاتا ہے اس لئے وہ خود کر سکتا ہے، چنانچہ غائب شخص کی طرف سے رمی کرنا درست نہیں ہوگا، کیونکہ یہ عین ممکن ہے کہ وہ لوگوں کے ساتھ جمرات کو پہنچ کر بذات خود رمی کرلے(١)۔ فقط والسلام واللہ اعلم بالصواب۔


 📚والدليل على ما قلنا📚 

(١) '' السادس: أن یرمي بنفسه، فلا تجوز النیابة فیه عند القدرة. و الرجل و المرأة في الرمي سواء، إلا أن رمیها في اللیل أفضل، فلاتجوز النیابة عن المرأة بغیر عذر. وتجوز عند العذر، فلو رمی عن مریض بأمره أو مغمی علیه و لو بغیر أمره أو صبي أو معتوه أو مجنون جاز. والأولی أن یرمي السبعة أولاً عن نفسه، ثم عن غیره. و لو رمی بحصاتین إحداهما عن نفسه والأخری من غیره جاز، ویکره''. (غنیة الناسك،ص:۲۴۳، فصل في شرائط الرمي)


 كتبه العبد محمد زبير الندوي 

دار الافتاء و التحقیق مدرسہ ہدایت العلوم بہرائچ یوپی انڈیا

مورخہ 29/3/1441

رابطہ 9029189288

 دینی مسائل عام کرنا ثواب جاریہ ہے 

Share

اگر کوئی شخص عمرہ کرے اورحلق یا قصر کئے بغیراحرام کھولدے پھراحرام باندھ کر دوسراعمرہ کرے اس میں بھی حلق اورقصر کئے بغیر احرام کھول دے تواس کاکیاحکم ہے

 ⚖سوال و جواب⚖ 

مسئلہ نمبر 1066

(کتاب الحج باب الجنایات)

 سوال: اگر کوئی شخص عمرہ کرے اورحلق یا قصر کئے بغیراحرام کھولدے پھراحرام باندھ کر دوسراعمرہ کرے اس میں بھی حلق اورقصر کئے بغیر احرام کھول دے تواس کاکیاحکم ہے۔ (محمد مجیب ممبئی)


 بسم اللہ الرحمن الرحیم 

 الجواب بعون اللہ الوہاب 

حلق یا قصر عمرہ کے واجبات میں سے ہے، اور واجب کے چھوڑنے سے دم لازم ہوتا ہے چنانچہ صورت مسئولہ میں دو مرتبہ ایسا کرنے سے دم لازم ہوگا جس کو حرم میں دینا ضروری ہے(١)۔ فقط والسلام واللہ اعلم بالصواب۔


 📚والدليل على ما قلنا📚 

(١) و أما واجباتها فالسعي بين الصفا والمروة، و الحلق أو التقصير (الفتاوى الهندية ٢٦١/١ كتاب الحج باب العمرة)

واعلم أن المحرم إذا نوی رفض الإحرام فجعل یصنع ما یصنعہ الحلال من لبس الثیاب والتطیب والحلق والجماع وقتل الصید فإنہ لا یخرج بذلک من الإحرام، وعلیہ أن یعود کما کان محرما، ویجب دم واحد لجمیع ما ارتکب ولو کل المحظورات إلخ (شامی: ۳/ ۵۸۵، ط: زکریا)

أو عمرة لاختصاص الحلق بالحرم، لا دم في معتمر خرج ثم رجع من حل إلی الحرم ثم قصر (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الحج، باب الجنایات ۳:۵۸۶، ط: مکتبة زکریا دیوبند)


 كتبه العبد محمد زبير الندوي 

دار الافتاء و التحقیق مدرسہ ہدایت العلوم بہرائچ یوپی انڈیا

مورخہ 13/6/1441

رابطہ 9029189288

 دینی مسائل عام کرنا ثواب جاریہ ہے

Share

پیر، 29 اگست، 2022

سرکاری کوٹے سے جانے والے کا حج بدل کرنا

⚖️سوال وجواب⚖️

🖋️مسئلہ نمبر 1769🖋️

(کتاب الحج، باب الحج عن الغیر)

سرکاری کوٹے سے جانے والے کا حج بدل کرنا

 سوال: اگر کوئی سرکاری ملازم حاجی کی خدمت کے لئے سرکار کے طرف سے جا رہا ہے تو کیا وہ شخص کسی مرحوم کے لیے حج کرسکتا ہے اور یہ بھی بتائیں کہ اگر اس سرکاری ملازم پر حج فرض ہے تو کیا اس سرکاری کوٹے سے اس کا حج ادا ہو جائے گا، حدیث اور قرآن کی روشنی میں دلیل دیں۔ (العارض محمد فیض امام پیر باغ مسجد شکتی نگر لکھنؤ)


بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب و باللہ التوفیق

کوئی شخص اگر صرف نفلی طور پر حج کرنا چاہتا ہے اور اس کا ثواب کسی مرحوم کو پہنچانا چاہتا ہے تو یہ درست ہے، لیکن اگر کوئی شخص باضابطہ فرض حج کسی کی طرف سے کرنا چاہتا ہے (جسے اصطلاح میں حج بدل کہتے ہیں) تو ضروری ہے کہ جس کی طرف سے حج کرنا چاہتا ہے اس کا پیسہ حج میں لگا ہو، مذکورہ بالا صورت میں چونکہ پیسہ سرکاری لگا ہے اس لیے اس پیسے سے حج بدل نہیں کرسکتا ہے ہاں اگر اس پر خود حج فرض ہو اور سرکاری کوٹے سے کرلے تو اس کا اپنا فرض حج ادا ہوجائے گا (١)۔ فقط والسلام واللہ اعلم۔


📚والدليل على ما قلنا📚

(١) الأصل في هذا الباب أن الإنسان له أن يجعل ثواب عمله لغيره صلاة أو صوما أو صدقة أو غيرها عند أهل السنة والجماعة لما روي عن النبي عليه الصلاة والسلام أنه ضحى بكبشين أملحين أحدهما عن نفسه والآخر عن أمته ممن أقر بوحدانية الله تعالى وشهد له بالبلاغ جعل تضحية إحدى الشاتين لأمته....وتجري في النوع الثالث عند العجز للمعنى الثاني وهو المشقة بتنقيص المال ولا تجري عند القدرة لعدم إتعاب النفس والشرط العجز الدائم إلى وقت الموت لأن الحج فرض العمر وفي الحج النفل تجوز الإنابة حالة القدرة (الهداية 178/1)

ولجواز النيابة في الحج شرائط. (منها) : أن يكون المحجوج عنه عاجزا عن الأداء بنفسه وله مال، فإن كان قادرا على الأداء بنفسه بأن كان صحيح البدن وله مال أو كان فقيرا صحيح البدن لا يجوز حج غيره عنه. (ومنها) استدامة العجز من وقت الإحجاج إلى وقت الموت هكذا في البدائع..... (ومنها) أن يكون حج المأمور بمال المحجوج عنه فإن تطوع الحاج عنه بمال نفسه لم يجز عنه حتى يحج بماله (الفتاوى الهندية 201/1)


كتبه العبد محمد زبير الندوي

دار الافتاء و التحقیق بہرائچ یوپی انڈیا

مورخہ 27/6/1443

رابطہ 9029189288

دینی مسائل عام کرنا ثواب جاریہ ہے 

Share

حج کرانے کا پیسہ دے اور اخراجات بڑھ جائیں تو کیا کریں

 ⚖سوال و جواب⚖ 

 مسئلہ نمبر 1082 

(کتاب الحج باب الحج عن الغير)

 حج کرانے کا پیسہ دے اور اخراجات بڑھ جائیں تو کیا کریں 

 سوال: ایک صاحب اپنے رشتے دار کو ڈیڑھ لاکھ روپے دیئے تھے حج کرنے کے لئے لیکں اب حج کی لاگت سوا دو لاکھ روپے ہے تو اب وہ کیا کرے، آیا اپنے پاس سے پیسے لگا کر حج کر سکتا ہے؟ (قاری سعود مدرسہ اسلامیہ گلشن نگر جوگیشوری ممبئی)


 بسم اللہ الرحمن الرحیم 

 الجواب وباللہ التوفیق 

 حج کے اخراجات کے لئے اگر رقم کم پڑ گئی ہے تو ظاہر ہے اس میں مزید رقم ملائی جائے گی، اب اگر یہ حج بدل کی رقم تھی تو حج بدل کے لیے ضروری ہوگا کہ اصلی رقم ملائی جانے والی رقم سے زیادہ ہو ورنہ حج بدل نہیں ہوگا اور اگر نفلی حج کی رقم ہو کم زیادہ کی تفصیل نہیں ہے، آدمی کو اختیار ہے جتنی اس کے پاس وسعت ہو  خود اپنی رقم شامل کرلے اور اگر وسعت نہ ہو لیکن کوئی ثواب کی نیت سے روپیے دینے کو تیار ہو تو اس کی رقم شامل کرلی جایے، اور اگر یہ بھی ممکن نہ ہو تو کسی اور کو دے دی جائے جو اپنی رقم شامل کرکے حج کرلے(١)۔ فقط والسلام واللہ اعلم بالصواب۔


 📚والدليل على ما قلنا📚 

(١) عَنِ الْفَضْلِ بْنِ عَبَّاسٍ ، أَنَّ امْرَأَةً مِنْ خَثْعَمٍ قَالَتْ : يَا رَسُولَ اللَّهِ، إِنَّ أَبِي أَدْرَكَتْهُ فَرِيضَةُ اللَّهِ فِي الْحَجِّ وَهُوَ شَيْخٌ كَبِيرٌ لَا يَسْتَطِيعُ أَنْ يَسْتَوِيَ عَلَى ظَهْرِ الْبَعِيرِ. قَالَ : " حُجِّي عَنْهُ ". (سنن الترمذي رقم الحديث ٩٢٨ أَبْوَابُ الْحَجِّ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ  | بَابٌ : مَا جَاءَ فِي الْحَجِّ عَنِ الشَّيْخِ الْكَبِيرِ، وَالْمَيِّتِ)

 وإن لم يكن في مال الميت وفاء بالنفقة فانفق شيئا من ماله ينظر إن كان أكثر النفقة من مال الميت جاز و إلا فلا و هذا استحسان  (الفتاوى الهندية ٢٥٧/٢ كتاب الحج الباب الرابع عشر)

لأن باب النفل أوسع. (الفتاوى الهندية ٢٥٧/٢ كتاب الحج الباب الرابع عشر)


 كتبه العبد محمد زبير الندوي 

دار الافتاء و التحقیق مدرسہ ہدایت العلوم بہرائچ یوپی انڈیا

مورخہ 12/7/1441

رابطہ 9029189288

 دینی مسائل عام کرنا ثواب جاریہ

Share

طواف کے دوران قرآن پڑھنا

 ⚖️سوال وجواب ⚖️

🖋️مسئلہ نمبر 1773 🖋️

(کتاب الحج باب آداب الطواف)

طواف کے دوران قرآن پڑھنا

سوال: ایک حافظ صاحب ہیں وہ حج کرنے گئے تو طواف کے دوران قرآن مجید کی تلاوت کرتے تھے کیا ان کا یہ عمل درست ہے؟ (عبد الکریم ممبئ)


بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب و باللہ التوفیق

دین میں اصل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع ہے، اپنی من مانی درست نہیں ہے، بطورِ خاص وہ امور جن میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا قول و فعل موجود ہو وہ بہرحال مقدم ہوگا، طواف کے دوران رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل دعاء کرنے اور اللہ کی جانب متوجہ رہنے کا تھا، اس دوران تلاوت کرنا ثابت نہیں ہے، اس لیے مسنون طریقہ دعاؤں کا اہتمام ہے تلاوت نہیں ہے۔ 

اسی لیے بعض فقہاء نے اس موقع پر تلاوت کو مکروہ قرار دیا ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کا ترک لازم آتا ہے(١)۔ فقط والسلام واللہ اعلم بالصواب۔


📚والدليل على ما قلنا 📚

(١) حَدَّثَنِي أَبُو هُرَيْرَةَ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " وُكِلَ بِهِ سَبْعُونَ مَلَكًا، فَمَنْ قَالَ : اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ الْعَفْوَ وَالْعَافِيَةَ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ، { رَبَّنَا آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً وَفِي الْآخِرَةِ حَسَنَةً وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ }. قَالُوا : آمِينَ ". فَلَمَّا بَلَغَ الرُّكْنِ الْأَسْوَدِ قَالَ : يَا أَبَا مُحَمَّدٍ، مَا بَلَغَكَ فِي هَذَا الرُّكْنِ الْأَسْوَدِ ؟ فَقَالَ عَطَاءٌ : حَدَّثَنِي أَبُو هُرَيْرَةَ أَنَّهُ سَمِعَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ : " مَنْ فَاوَضَهُ فَإِنَّمَا يُفَاوِضُ يَدَ الرَّحْمَنِ ". قَالَ لَهُ ابْنُ هِشَامٍ : يَا أَبَا مُحَمَّدٍ، فَالطَّوَافُ. قَالَ عَطَاءٌ : حَدَّثَنِي أَبُو هُرَيْرَةَ أَنَّهُ سَمِعَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ : " مَنْ طَافَ بِالْبَيْتِ سَبْعًا وَلَا يَتَكَلَّمُ إِلَّا بِسُبْحَانَ اللَّهِ وَالْحَمْدُ لِلَّهِ وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَاللَّهُ أَكْبَرُ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ، مُحِيَتْ عَنْهُ عَشْرُ سَيِّئَاتٍ، وَكُتِبَتْ لَهُ عَشْرُ حَسَنَاتٍ، وَرُفِعَ لَهُ بِهَا عَشْرَ  دَرَجَاتٍ، وَمَنْ طَافَ فَتَكَلَّمَ وَهُوَ فِي تِلْكَ الْحَالِ خَاضَ فِي الرَّحْمَةِ بِرِجْلَيْهِ، كَخَائِضِ الْمَاءِ بِرِجْلَيْهِ ". (سنن ابن ماجه  كِتَابُ الْمَنَاسِكِ  | بَابٌ : فَضْلِ الطَّوَافِ)

 و تكره قراءة القرآن في طواف. (الفتاوى الهندية ٣١٦/٥)


كتبه العبد محمد زبير الندوي

دار الافتاء و التحقیق بہرائچ یوپی انڈیا

مؤرخہ 2/7/1443

رابطہ 9029189288

دینی مسائل عام کرنا ثواب جاریہ ہے

Share

اتوار، 28 اگست، 2022

بینکوں اور کمپنیوں کے ریزرو فنڈز Reserve Funds Of Bank And Companies میں زکوٰۃ کا حکم

⚖سوال و جواب⚖

💸مسئلہ نمبر 792💸

(زکوٰۃ کے جدید مسائل)

بینکوں اور کمپنیوں کے ریزرو فنڈز Reserve Funds Of Bank And Companies

 میں زکوٰۃ کا حکم

سوال: اسلامی بینکوں اور دیگر کمپنیوں کے جو ریزرو فنڈز ہوتے ہیں جو وقتی ضروریات پر کام آتے ہیں ان پر زکوٰۃ واجب ہوگی کہ نہیں؟ دور حاضر کے فقہاء و مفتیان کرام کی اس بارے میں کیا تحقیق ہے؟ (دار الافتاء بہرائچ یوپی)


 بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم 

 الجواب بعون اللہ الوہاب 

اسلامی بینک یا کمپنیوں میں جو ریزرو فنڈز رکھے جاتے ہیں؛ چونکہ وہ عرفا اور قانوناً بینک اور کمپنی کے اثاثوں کا حصّہ ہوتے ہیں اس لئے ان میں بھی زکوٰۃ واجب ہوگی، اور ہر حصے دار کے ذمہ لازم ہوگا کہ وہ اپنے حصے کی زکوۃ نکالے، چنانچہ جن حضرات نے کمپنی میں حصے اس واسطے لیے ہوں کہ وہ اسے فروخت کریں گے تو وہ بازاری قیمت کے اعتبار سے زکوٰۃ نکالیں گے اور جیسا کہ معلوم ہے کہ بازاری قیمت جب متعین کی جاتی ہے تو اس میں ریزرو فنڈز کی رقم کو بھی شامل کرکے اس کی تعیین کی جاتی ہے؛ اس لئے ریزرو فنڈز کی مستقل زکوٰۃ نکالنے کی ضرورت نہیں ہے؛ بلکہ اپنے حصے کی زکوۃ جب بازاری نرخ کے اعتبار سے نکالیں گے تو ریزرو فنڈز کی زکوۃ ایٹومیٹک نکل جائے گی۔

لیکن جن حضرات نے فروختگی کے ارادے سے حصے داری نہیں کیا ہے؛ بلکہ اپنی شرکت کو برقرار رکھنے کے لئے حصہ لیا ہے تو اس صورت میں زکوٰۃ واجب ہوگی اور اس کی زکوۃ مستقل طور پر نکالنی ہوگی البتہ اس صورت میں ناقابلِ زکوٰۃ اثاثوں مثلاً عمارت اور فرنیچر وغیرہ کی رقم کو منہا کرکے زکوٰۃ نکالیں گے اور ان ناقابلِ زکوٰۃ اثاثوں کی تعین اندازے سے کیا جاسکتا ہے(١)۔ فقط والسلام واللہ اعلم بالصواب۔


📚والدليل على ما قلنا📚

(١) خُذْ مِنْ أَمْوَالِهِمْ صَدَقَةً تُطَهِّرُهُمْ وَتُزَكِّيهِم بِهَا وَصَلِّ عَلَيْهِمْ ۖ إِنَّ صَلَاتَكَ سَكَنٌ لَّهُمْ ۗ وَاللَّهُ سَمِيعٌ عَلِيمٌ (التوبة 103)

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " إِذَا أَدَّيْتَ زَكَاةَ مَالِكَ فَقَدْ قَضَيْتَ مَا عَلَيْكَ ". (سنن الترمذی حدیث نمبر 618 أَبْوَابُ الزَّكَاةِ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ.  | بَابٌ : مَا جَاءَ إِذَا أَدَّيْتَ الزَّكَاةَ فَقَدْ قَضَيْتَ مَا عَلَيْكَ)

إذا كان له عروض أو خادم للتجارة و حال عليه الحول و هو تبلغ نصابا للدراهم... تجب الزكاة فيهما. (الفتاوى السراجية ص ١٣٧)

و منها كون النصاب ناميا حقيقة بالتوالد و التناسل و التجارة. (الفتاوى الهندية ١٩٢/١ كتاب الزكاة)

يزكي رب المال (المالك) رأس المال و حصته من الربح و يزكي العامل حصته من الربح..... قال أبو حنيفة: و يزكي كل واحد من المالك و العامل بحسب نصيبه و حصته من كل سنة. (الفقه الاسلامي و أدلته ١٨٧٨/٣ كتاب الزكاة، سادسا زكاة شركة المضاربة)

مستفاد: فتاویٰ عثمانی 74/2 کتاب الزکوۃ


 كتبه العبد محمد زبير الندوي 

مورخہ 4/9/1440

رابطہ 9029189288

 دینی مسائل عام کرنا ثواب جاریہ ہے 

Share

کیا انبیاء پر زکوٰۃ فرض نہیں تھی؟

 ⚖سوال و جواب⚖

💸مسئلہ نمبر 801💸

(کتاب الزکوۃ، باب الوجوب)

 کیا انبیاء پر زکوٰۃ فرض نہیں تھی؟ 

 سوال: انبیاء کرام علیہم السلام پر زکوٰۃ فرض تھی یا نہیں؟ (شکیل احمد، ڈالی گنج لکھنؤ، یوپی)


 بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم 

 الجواب وباللہ التوفیق 

زکوٰۃ ایک مالی عبادت ہے جو سابقہ اقوام کے ساتھ امت محمدیہ پر بھی فرض کی گئی ہے، قرآن مجید و احادیث مبارکہ کی بعض روایات سے معلوم ھوتا ھے کہ زکوٰۃ کی رقم مال کا میل ہے جو مال کی گندگی کو دور کرتی ہے، ظاہر ہے انبیاء کرام علیہم کی ذات جس طرح پاک ہوتی ہے اسی طرح ان کا مال بھی پاک اور منزہ ہوتا ہے؛ اس لیے اس کی زکوۃ کے ذریعے پاک کرنے کی ضرورت نہیں ہے؛ چنانچہ علامہ شامی اور دیگر فقہاء کرام نے لکھا ہے کہ اس مسئلے پر تمام امت کا اتفاق ہے کہ انبیاء علیہم السلام پر زکوٰۃ واجب نہیں ہوتی، نیز انبیاء کرام علیہم السلام اس قدر دریا دل اور سخی ہوتے تھے کہ ان کا ذاتی مال ان کے پاس اس مقدار میں رہتا ہے نہیں تھا کہ اس پر زکوٰۃ واجب ہو، انبیاء کرام علیہم کے پاس اِدھر مال آتا اُدھر امت کے فقراء ومساکین میں تقسیم ہوجاتا، سیرت کی کتابوں سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا، ظاہر ہے کہ جب بقدر نصاب مال ہی نہیں ہوتا تھا تو زکوٰۃ کا وجوب چہ معنیٰ دارد(١)۔ فقط والسلام واللہ اعلم بالصواب۔۔


 📚والدليل على ما قلنا📚 

(١) خُذْ مِنْ أَمْوَالِهِمْ صَدَقَةً تُطَهِّرُهُمْ وَتُزَكِّيهِم بِهَا وَصَلِّ عَلَيْهِمْ ۖ إِنَّ صَلَاتَكَ سَكَنٌ لَّهُمْ ۗ وَاللَّهُ سَمِيعٌ عَلِيمٌ (التوبة 103)

تُطَهِّرُهُمْ وَتُزَكِّيهِمْ بِها" حَالَيْنِ لِلْمُخَاطَبِ، التَّقْدِيرُ: خُذْهَا مُطَهِّرًا لَهُمْ وَمُزَكِّيًا لَهُمْ بِهَا. وَيَجُوزُ أَنْ يَجْعَلَهُمَا صِفَتَيْنِ لِلصَّدَقَةِ، أَيْ صَدَقَةً مُطَهِّرَةً لَهُمْ مُزَكِّيَةً، (الجامع لأحكام القرآن — القرطبي، سورة التوبة ١٠٣)

و لا تجب على الأنبياء إجماعا. (الدر المختار مع رد المحتار ١٧٠/٣ كتاب الزكاة)

لأن الزكاة طهرة لمن عساه أن يتدنس و الأنبياء مبرءون منه، (رد المحتار على الدر المختار ١٧٠/٣ كتاب الزكاة)


 كتبه العبد محمد زبير الندوي 

مورخہ 13/9/1440

رابطہ 9029189288

 دینی مسائل عام کرنا ثواب جاریہ ہے

Share

وکیل بالقبض بنانے کی شرط پر زکوٰۃ دینا

 ⚖️سوال وجواب⚖️

🖋️مسئلہ نمبر 1483🖋️

(کتاب الزکاۃ، باب التوکیل)

وکیل بالقبض بنانے کی شرط پر زکوٰۃ دینا


سوال: ایک صاحب بہت زیادہ مقروض ہے، اب زکوٰۃ والے اس کو قرض سے نکالنا چاہتے ہیں، لیکن رقم اس کو نہیں دینا چاہتے ہیں کیونکہ اس کو دینے سے وہ رقم کو ادھر ادھر خرچ کرسکتا ہے، اس لیے اس سے یہ کہا جائے کہ تم وکیل بالقبض بناؤ، جو تمہاری طرف سے زکوٰۃ کی رقم وصول کرے اور قرض ادا کرے تو کیا ایسا کرنا درست ہے؟ (مفتی عاصم، ساؤتھ افریقہ)


بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب و باللہ التوفیق

زکوٰۃ کی ادائیگی کے لیے تملیک ضروری ہے، تملیک مستحق کو دینے سے بھی ہوجائے گی اور مستحق کے وکیل کو دینے سے بھی؛ بشرطیکہ مستحق نے وکیل بنایا ہو اور اس کو خرچ کرنے کی اجازت دے دی ہو۔

چنانچہ مذکورہ بالا صورت میں اگر مقروض کسی کو وکیل بنا دیتا ہے اور مقروض کی اجازت سے وہ قرض خواہوں کو رقم ادا کردیتا ہے تو شرعا یہ درست ہے، فقہاء احناف میں سے ابن نجیم مصری اور ابن عابدین شامی نے صراحتاً یہ مسئلہ لکھا ہے(١)۔ فقط والسلام واللہ اعلم بالصواب۔


📚والدليل على ما قلنا📚

 (١) إِنَّمَا الصَّدَقَاتُ لِلْفُقَرَاءِ وَالْمَسَاكِينِ وَالْعَامِلِينَ عَلَيْهَا وَالْمُؤَلَّفَةِ قُلُوبُهُمْ وَفِي الرِّقَابِ وَالْغَارِمِينَ وَفِي سَبِيلِ اللَّهِ وَابْنِ السَّبِيلِ ۖ فَرِيضَةً مِّنَ اللَّهِ ۗ وَاللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٌ (التوبة 60)

ويشترط أن يكون الصرف تمليكا لا إباحة. (الدر المختار مع رد المحتار ٢٩١/٣ كتاب الزكاة، باب الصرف، زكريا)

  لو قضى دين الحي  إن قضاه بأمره جاز، ويكون القابض كالوكيل له في قبض الصدقة كذا في غاية البيان وقيده في النهاية بأن يكون المديون فقيرا.  ( البحر الرائق ، کتاب الزکوٰۃ ، باب مصرف الزکوٰۃ ، جلد 2 ، صفحہ 261 ، مطبوعہ بیروت )

(دین الحیی الفقیرفیجوز لو بامرہ) ای یجوز عن الزکاۃ علی انہ تملیک منہ والدائن یقبضہ بحکم النیابۃ عنہ ثم یصیر قابضا لنفسه. (رد المحتار علی الدر المختار 342/3 كتاب الزكاة)


كتبه العبد محمد زبير الندوي

دار الافتاء و التحقیق بہرائچ یوپی انڈیا

مؤرخہ 7/9/1442

رابطہ 9029189288

دینی مسائل عام کرنا ثواب جاریہ ہے

Share

Translate