سوال
مفتی صاحب آپ کے دار الافتاء کا گوگل ایڈسینس کے بارے میں فتوی (65530/58)دیکھا جس میں اسے جائز کہا گیا ہے۔ آپ سے گفتگو کے دوران آپ نے بتایا کہ اس سے مراد ایڈسینس کی وہی خاص صورت ہے جس کے بارے میں سوال ہے۔ میری درخواست یہ ہے کہ ایڈ سینس کی تمام صورتوں کے بارے میں وضاحت فرما دیجیے۔
بنیادی طور پر گوگل ایڈسینس ان طریقوں سے کام کرتا ہے:
1. ویب سائٹ کا مالک گوگل کو جگہ دیتا ہے اور گوگل جتنے لوگ اس ویب سائٹ کو وزٹ کریں ان کی تعداد کے مطابق مالک کو طے شدہ معاوضہ دیتا ہے۔
2. ویب سائٹ کا مالک گوگل کو جگہ دیتا ہے اور گوگل جتنے لوگ اشتہار کو کلک کریں ان کا معاوضہ مالک کو دیتا ہے لیکن یہ معاوضہ گوگل کی اپنی کمائی کا فیصدی حصہ ہوتا ہے۔
3. مختلف ویب سائٹس اور یوٹیوب پر ویڈیو اشتہارات کی جگہ دینے پر بھی گوگل مالک کو معاوضہ دیتا ہے۔
صورت حال کچھ یوں ہے کہ اگرچہ گوگل میں ناجائز کیٹگریز کو فلٹر کیا جا سکتا ہے لیکن اس کے باوجود تجربہ یہ ہے کہ گوگل ناجائز اشتہارات چلا ہی دیتا ہے۔ نیز اشتہارات میں تصاویر بھی ہوتی ہیں جنہیں فلٹر کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ ویڈیو اشتہارات میں نامحرم کی ویڈیوز اور بیک گراؤنڈ میوزک اکثر ہوتا ہے۔ بسا اوقات ایسے اشتہارات بھی ہوتے ہیں جنہیں دیکھنا ممکن نہیں ہوتا۔ البتہ گوگل مہینے کے اختتام پر تمام اشتہارات مالک کو دیکھنے کی سہولت دیتا ہے جس میں مالک کو یہ اختیار ہوتا ہے کہ وہ کون سے اشتہار کو آئندہ چلنے دے اور کون سے اشتہار کو چلانے سے گوگل کو منع کر دے۔
نیز یہ بھی بتائیے گا کہ اگر ان اشتہارات کے لیے جگہ دینا جائز ہے تو بھی اسلامی چینلز پر انہیں لگانا درست ہے یا نہیں کیوں کہ بسا اوقات کافی بیہودہ قسم کے اشتہارات اسلامی چینلز پر نظر آ رہے ہوتے ہیں۔
ایک بات کی مزید وضاحت کر دوں کہ گوگل کے الگورتھم کے مطابق اشتہار میں عموماً دو چیزوں کو دیکھا جاتا ہے: جس ویب سائٹ پر لگا ہے اس کے موضوع کو اور کافی زیادہ حد تک ویب سائٹ کھولنے والے صارف کی سرچ ہسٹری کو۔ لیکن گوگل اس الگورتھم کا پابند نہیں ہوتا۔
جواب
اولاً بطور تمہید گوگل کے کام کرنے کا طریقہ کار ذکر کیا جاتا ہے اور اس کے بعد تمام شقوں کا شرعی حکم مذکور ہوگا۔
گوگل ایڈ سینس گوگل کا ایک پراجیکٹ ہےجس میں گوگل مختلف لوگوں کی مختلف چیزوں (مثلاً ویب سائٹ، بلاگ، ایپلیکیشن ، ویڈیو، یوٹیوب چینل وغیرہ) پر ان کی اجازت سے اپنے اشتہار لگاتا ہے۔ اس اشتہار کے بدلے گوگل ویب سائٹ اور ویڈیو وغیرہ کے مالک کو کچھ رقم ادا کرتا ہے۔ اس کی تفصیلات ذیل میں مذکور ہیں:
گوگل ایڈورڈ:
گوگل جو اشتہارات کسی ویب سائٹ یا ویڈیو پر دکھاتا ہے وہ کسی دوسرے کلائنٹ سے لیے جاتے ہیں۔ اس کے لیے گوگل کا ایک پروگرام ہے جس کا نام "ایڈ ورڈ" ہے۔ جس کمپنی یا فرد نے اپنا کوئی اشتہار دینا ہوتا ہے وہ ایڈورڈ پر اکاؤنٹ بناتا ہے۔ گوگل اشتہار کی ہر جگہ کی بولی لگاتا ہے ۔ مثلاً ویب سائٹ کی سرخی پر اشتہار لگانے کے لیے اشتہار دینے والوں کے سامنے یہ بات رکھتا ہے کہ اس جگہ کے لیے کون کتنی رقم دے گا۔ جو شخص زیادہ رقم دیتا ہے اس کا اشتہار ایڈسینس کے ذریعے اس جگہ چلاتا ہے۔ بعض اوقات یہ فیصلہ رقم کی زیادتی کے علاوہ کسی اور بنیاد پر بھی کرتا ہے۔
گوگل کو اشتہار دینے والا یہ طے کرتا ہے کہ وہ ہر اشتہار کے کلک پر زیادہ سے زیادہ کتنی رقم دے سکتا ہے۔ اسے Maximum CPC کہا جاتا ہے۔ گوگل بسااوقات مختلف اشیاء کی بنیاد پر اس سے کم رقم لیتا ہے جسے Actual CPC کہتے ہیں۔ البتہ اس سے زیادہ رقم نہیں لیتا۔ بسا اوقات یہ سسٹم روزانہ یا ماہانہ بجٹ کی بنیاد پر بھی رکھا جاتا ہے۔
ایڈورڈ میں گوگل اشتہار کی کیٹگری اور اس پر آنے والے یوزر کے حساب سے رقم مختلف مقرر کرتا ہے۔ مثلاً اگر اشتہار انشورنس کا ہے تو اس کی اجرت مختلف ہوگی اور اگر مذہبی ہے تو اس کی مختلف ہوگی۔ نیز اگر اشتہار پر آنے والا کلائنٹ پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش وغیرہ کے علاقے سے ہے تو اجرت مختلف ہوگی اور اگر امریکا یا کینیڈا سے ہے تو مختلف ہوگی۔
گوگل یہ بھی بتاتا ہے کہ اندازاً ایک اشتہار کو کم از کم اور زیادہ سے زیادہ کتنے لوگ دیکھیں گے۔
رقم کی وصولی کی صورتیں:
اس معاملے میں گوگل نے مختلف سسٹم تیار کیے ہوئے ہیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
ایڈ امپریشنز (Ad Impressions) : اس میں گوگل اشتہار دینے والے سے اشتہار ڈاؤن لوڈ ہونے پر رقم لیتا ہے۔جب کوئی شخص ویب سائٹ کھولتا ہے اور اس کے پاس کسی قسم کا ایڈ بلاکر بھی نہیں ہوتا تو اشتہار خود بخود اس کے کمپیوٹر میں ڈاؤن لوڈ ہو جاتا ہے۔ گوگل ان اشتہارات پر اشتہار دینے والے سے رقم وصول کرتا ہے۔
کوسٹ پر انگیجمنٹ (Cost Per Engagement): اس طریقہ کار میں گوگل صرف ان اشتہارات پررقم وصول کرتا ہے جن میں ویب سائٹ کا صارف مصروف ہوا ہو۔ مثلاً اگر اشتہار ایسا ہو جو اپنی جگہ سے بڑھ کر پھیل جاتا ہو تو صارف نے کم از کم دو سیکنڈ تک اس پر کرسر رکھا ہو اور وہ پھیلا ہو۔
کوسٹ پر کلک (Cost Per Click): اس طریقہ کار میں گوگل ان اشتہارات پر رقم وصول کرتا ہے جن پر صارف نے کلک کیا ہو۔
گوگل اور مالک کا معاہدہ:
گوگل ویب سائٹ یا ویڈیو کے مالک سے حاصل شدہ رقم کے متعین فیصد کے مطابق معاہدہ کرتا ہے۔ یہ فیصد مختلف صورتوں میں مختلف ہوتی ہے لیکن اس کی باقاعدہ تعیین ہوتی ہے کہ کون سی صورت میں ایڈ پر ملنے والی رقم کتنے فیصد گوگل کی اور کتنے فیصد مالک کی ہوگی۔
اشتہارات کے انتخاب کا طریقہ کار:
گوگل کسی ویب سائٹ یا ویڈیو پر اشتہار عموماً تین چیزوں کی بنا پر لگاتا ہے:
1. صارف کی سرچ ہسٹری کے مطابق: گوگل اکثر صارفین کی سرچ ہسٹری محفوظ رکھتا ہے اور اس کے مطابق انہیں ان کی پسند کے اشتہارات دکھاتا ہے۔
2. موضوع کے مطابق: گوگل ویب سائٹ کے موضوع کے مطابق بھی اشتہارات لگاتا ہے۔
3. مذکورہ بالا دونوں وجوہات کے علاوہ بھی گوگل مختلف اشتہارات دکھاتا رہتا ہے۔
رقم ادائیگی کی حد:
گوگل رقم اس وقت ادا کرتا ہے جب وہ 100 ڈالر یا اس سے زائد ہو جائے۔ البتہ اگر کوئی ویب سائٹ مالک اپنا اکاؤنٹ بند کرنا چاہے تو اسے 100 ڈالر سے کم ہونے کے باوجود رقم ادا کردی جاتی ہے۔
گوگل ایڈ بلاک:
گوگل ویب سائٹ یا ویڈیو کے مالک کو اس بات کا اختیار دیتا ہے کہ وہ مختلف قسم کے اشتہارات کو ان کی کیٹگری کے حساب سے بلاک کر سکیں۔ مثلاً اگر کوئی شخص اپنی ویب سائٹ پر فنانس سے متعلق اشتہارات نہیں چاہتا تو وہ اس کیٹگری کو بلاک کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ گوگل یہ آپشن بھی دیتا ہے کہ اشتہار چلنے کے بعد مالک انہیں دیکھ سکے اور ان میں سے اگر کسی اشتہار کو آئندہ کے لیے بلاک کرنا چاہے تو کر سکے۔
البتہ چونکہ یہ خود کار نظام ہے اور گوگل کا سسٹم تمام زبانیں نہیں سمجھ سکتا، نیز بعض اوقات وہ یہ نہیں سمجھ پاتا کہ اشتہار دینے والی سائٹ کی کیٹگری کیا ہے یا اشتہار کے اندر کیا مخصوص شے غلط ہے اس لیےبسااوقات بلاک کی گئی کیٹگری کے اشتہارات بھی چل جاتے ہیں۔
اشتہارات کی اقسام:
بنیادی طور پر کسی ویب سائٹ یا کسی ویڈیو پر آنے والے اشتہارات تین قسم کے ہو سکتے ہیں:
1. تحریری اشتہارات: ایسے اشتہارات جن میں کسی قسم کی تصویر موجود نہ ہو اور صرف تحریر پر ہی مشتمل ہوں۔
2. تصویری اشتہارات: ایسے اشتہارات جو کسی چیز یا جاندار کی تصویر پر مشتمل ہوں۔ ان میں عموماً تحریر بھی موجود ہوتی ہے۔ بعض اشتہارات فلیش بیسڈ ہوتے ہیں جو ماؤس کے کرسر کے ساتھ یا کسی اور فعل کے ساتھ حرکت کر سکتے ہیں لیکن اصلاً وہ تصویری ہی ہوتے ہیں۔ اسی طرح بعض اشتہارات متحرک اینیمیشن کی شکل میں ہوتے ہیں جن میں ایک تصویر بار بار مخصوص حرکت کر رہی ہوتی ہے۔
3. ویڈیو اشتہارات: ایسے اشتہارات جو ویڈیو کی شکل میں ہوں۔ یہ اشتہارات الگ سے ویب سائٹ پر بھی لگ سکتے ہیں اور کسی ویڈیو میں شامل بھی کیے جا سکتے ہیں۔ یوٹیوب کی ویڈیوز پر موجود اشتہارات بھی اسی قسم میں شامل ہیں۔ ان اشتہارات کے بیک گراؤنڈ پر کوئی ساؤنڈ عموماً لگایا جاتا ہے جو اکثر اوقات میوزک پر مشتمل ہوتا ہے۔
گوگل ایڈسینس میں بھی اشتہارات کی یہ تین اقسام موجود ہوتی ہیں البتہ بعض چیزوں میں تھوڑا بہت فرق ہو سکتا ہے۔
شرعی حکم:
مندرجہ بالا تفصیل کے مطابق اشتہار مالکان سے گوگل کے معاملے کی حیثیت شرعاً اجارے کی بنتی ہے جس میں گوگل اشتہار دینے والے کے لیے تو اجیر ہے مگر یہ خود آگے ویب سائٹ کے مالک سے جگہ لیتا ہے تو مستاجر بھی ہے۔ گوگل اور اشتہار دینے والے کے آپس میں معاہدے (ایڈ ورڈ) کی تین اقسام ہیں:
1. ایڈ امپریشنز: اس میں منفعت لوگوں تک اشتہار کا پہنچانا ہے۔
2. کوسٹ پر انگیجمنٹ: اس میں بھی منفعت لوگوں تک اشتہار پہنچانا ہے لیکن اس میں معاملہ یقینی منفعت پر ہے۔ یعنی جب کوئی شخص تصویر پر کرسر رکھے گا اور وہ پھیلے گی جس سے وہ اسے دیکھے گا تو گوگل اس کی رقم وصول کرے گا۔ یہاں یہ بات یقینی ہو جائے گی کہ گوگل نے اس شخص تک اشتہار پہنچا دیا ہے۔ اگر کوئی شخص تصویر نہیں دیکھ پائے گا تو گوگل بھی اس کی اجرت نہیں لے گا۔
3. کوسٹ پر کلک: اس میں منفعت لوگوں کو ویب سائٹ پر لانا ہے۔ یہ منفعت مستاجر کو حاصل ہونے پر گوگل اجرت لیتا ہے۔
اجارے میں منفعت اور اجرت کی ایسی تعیین ضروری ہے کہ جہالت کی وجہ سے اختلاف نہ ہو۔ چونکہ ایڈورڈ میں زیادہ سے زیادہ فی کلک رقم اور بجٹ معلوم ہوتا ہے اور منفعت اجارہ کلک، امپریشن یا انگیجمنٹ کی صورت میں متعین ہوتی ہے، نیز یہ بھی اندازہ ہوتا ہے کم از کم کتنے کلک ہوں گے لہذا اس میں مفضی الی النزاع جہالت نہیں ہے اور اس سے آنے والی آمدن شرعاً جائز ہے۔
گوگل اور ویب سائٹ یا ویڈیو کے مالک کے معاہدے (ایڈسینس) کی دو شرعی تکییفات کی جا سکتی ہیں:
اول: شرکت الصنائع جس میں دونوں فریق اشتہار دینے والے کی مارکیٹنگ کے عمل میں شریک ہوتے ہیں اور اس کی اجرت آپس میں متعین فیصد کے مطابق تقسیم کرتے ہیں۔ اس میں اشکال یہ ہے کہ شرکت الصنائع میں شرعاً یہ لازم ہے کہ کسی ایک فریق کی طرف سے عمل قبول کرنے کی نفی نہ ہو۔ گوگل اور ویب سائٹ مالک کے درمیان اگرچہ صراحتاً ایسی کوئی بات طے نہیں ہوتی کہ ویب سائٹ یا ویڈیو مالک اشتہار قبول نہیں کر سکتا لیکن عملاً یہ بات طے شدہ سمجھی جاتی ہے کہ اگر مالک خود اشتہار لے گا تو گوگل اس پر اسے رقم ادا نہیں کرے گا۔ لہذا یہ تکییف محل نظر ہے۔
دوم: گوگل ویب سائٹ یا ویڈیو مالک سے اس کی ویب سائٹ، چینل یا ویڈیو پر جگہ اجارے پر لیتا ہے اور اس کی اجرت اسے ادا کرتا ہے۔ اس پر اشکال یہ ہے کہ گوگل اشتہار مالکان سے جو رقم لیتا ہے اس میں سے ویب سائٹ مالکان کو فیصد کے لحاظ سے اجرت دیتا ہے جس کی وجہ سے اجرت میں جہالت پیدا ہو جاتی ہے۔ لیکن چونکہ یہ سلسلہ معروف ہو چکا ہے اور اس جہالت کی وجہ سے آپس میں نزاع نہیں ہوتا لہذا یہ اجارہ درست ہے۔ ویب سائٹ یا ویڈیو کے مالک کی رقم گوگل کے ذمے دین ہوتی ہے جو وہ 100 ڈالر یا اس سے زائد ہونے پر یکمشت ادا کرتا ہے۔ البتہ اس اجارے سے جو آمدن حاصل ہوتی ہے اس کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے:
تحریری و تصویری اشتہارات:
تحریری و تصویری اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدن تین شرائط کے ساتھ جائز ہے:
1. جس کاروبار کا اشتہار ہے وہ کاروبار جائز ہو۔ لہذا ان کیٹگریز کو فلٹر کر دیا جائے جو شرعاً جائز نہیں ہیں۔
2. گوگل ایڈسینس اور ویب سائٹ کے مالک کے درمیان طے شدہ شرائط پر مکمل عمل کیا جائے اور ایسا کوئی فعل نہ کیا جائے جو معاہدے کے خلاف ہو۔
3. کسی جائز پراڈکٹ کے اشتہار میں اگر گوگل کی طرف سے کوئی ناجائز مواد مثلاً فحش تصویر وغیرہ شامل کر دی جائے اور اس میں ویب سائٹ کے مالک کی اجازت یا رضامندی شامل نہ ہو تو مالک اس کا ذمہ دار نہ ہوگا۔ لہذا اگر کیٹگریز فلٹر کرنے کے باوجود کوئی ایسا اشتہار لگ جائے جو کسی ناجائز کاروبار کی جانب لے جا رہا ہو یا ناجائز مواد (مثلاً نامحرم کی تصاویر) پر مشتمل ہو تو اس کا گناہ ویب سائٹ مالک کو نہیں ہوگا۔ البتہ ایڈ ریویو سینٹر میں اشتہارات کا جائزہ لے کر ناجائز اشتہارات کی آمدن صدقہ کر دی جائے۔
.........................جاری